کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر،کے لئے موٹر سائیکل آگہی یونٹ کا افتتاح,

مورخہ30مارچ 2020
رحیم یار خان( )صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب محمد محسن لغاری نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر، حکومتی احکامات اور عوامی آگہی کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے موٹر سائیکل آگہی یونٹ کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا سمیت پاک فوج کے افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب نے کہا کہ عوام کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے حکومت اور اداروں کا ساتھ دیں، عوام کی جانب سے سماجی رابطوں کے مکمل خاتمے سمیت اپنے آپ کو گھروں میں محدودکرنے تک ہم مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن وسائل اور ذرائع ابلاغ کا استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے موٹر سائیکل سوار گلی محلوں اور دیہاتوں میں جاکر عوام کو اس مرض کے اثرات اور سے محفوظ رہنے بارے آگہی فراہم کریں گے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں کیونکہ اس وائرس کو ہم خود اپنے ساتھ اپنے گھروں تک لیکر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہری مارکیٹس، بازاروں اور تمام خریداری مراکز پر دوسرے افراد سے محدود فاصلہ برقرار رکھیں اور حکومت کی جانب سے عوام کی حفاظت کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر ذمہ داری سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں