نوجوان ملک کا مستقبل ہیں ان کی درست خطوط پر رہنمائی کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے, کیرئیر کونسلنگ پروگرام

بہاول پور:26/جون ( )نوجوان ملک کا مستقبل ہیں ان کی درست خطوط پر رہنمائی کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آنے والے دنوں میں نوجوانوں نے ہی ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ کیرئیر کونسلنگ پروگرام کے ذریعہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے موقع  میسر آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے بہاولپور آرٹس کونسل اور خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خاں کے باہمی اشتراک سے رشیدیہ آڈیٹوریم میں کیرئیر کونسلنگ کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر فرخ جلیل، کیرئیر کنسلٹنٹ منہاج رحمان، پرنسپل سپیریر کالج بہاولپورپروفیسر بلال نور، مس منیبہ اظہر، پروفیسر سید شہیر رضوی، پروفیسر محمد قاسم علی، ڈائریکٹر آرٹس کونسل عابد حسن رضوی، ملک ذکاء اللہ، پروگرام آفیسر مہ جبین طاہر، کمیونیکیشن اینڈ مارکیٹنگ آفیسر طارق عزیز، انجینئر حافظ اسرار اور مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبا و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طلبا و طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کے وقت اپنے شوق اور دلچسپی پر مشتمل مضامین کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطہ کے نوجوان بہت ذہین اور باصلاحیت ہیں وہ اعتماد کے ساتھ علم حاصل کریں۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل عابد حسن رضوی نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کی مناسب رہنمائی کے لئے اس طرح کے سیمینار زنہایت اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان محنت، شوق اور لگن سے تعلیم حاصل کریں اور ان مضامین اور فیلڈ زکا انتخاب کریں جن میں ان کو دلچسپی ہواور اس فیلڈ میں خدمت کرنے کا جذبہ ہے۔بعدازاں طلبا و طالبات نے کیرئیر کونسلنگ سیمینار کے انعقاد پر اظہارتشکر کیا اور رہنمائی کے حصول کے لئے پوچھے گئے مختلف سوالات کے کیرئیر کنسلٹنٹ نے جوابات دیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں